کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہاکس بے مشرف کالونی کے قریب گٹر لائن سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانے کی حدود مشرف کالونی سے متصل دیہی بھکر میں بچھائی گئی گٹر لائن سے جمعرات کی شام دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں جن کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے دونوں افراد کو اغواءکرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور لاشیں مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔ لاشیں تقریباًدو ماہ پرانی ہیں اور مکمل طور پر خراب ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاشیں سرد خانے میں رکھوادی ہیں۔