ملتان، بہاولپور(سٹاف رپورٹر ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف داد رسی سنٹر برائے خواتین کا افتتاح کرنے آج ملتان آئیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مختلف ممالک کے سفیروں کے ہمراہ متی تل روڈ پر واقع داد رسی سنٹر کا افتتاح آج دن 10 بجے کریں گے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل سٹریجٹک ریفارمز یونٹ سلیمان صوفی نے ملتان ڈپٹی کمشنرآفس میں بریفنگ بھی دی۔ڈائریکٹر جنرل سلیمان صوفی نے گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آر یو نے رواں سال اسمبلی سے پاس ہونے والےوومن پروٹیکشن بل پرعمل در آمد کرنے کے لیےانتھک کام کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیےعملی اقدامات کر رہی ہے۔داد رسی سنٹر برائے خواتین کے قیام کوعمل میں لاکر حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔سلیمان صوفی نے مزید کہا ہے کہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال محکمے کے تعاون سے بنایا جانے والا داد رسی سنٹر برائے خواتین جنوبی ایشیاء کا پہلا سنٹر ہے جہاں ایک چھت تلے مظلوم خواتین کو سہارا دیا جائے گا اور طبعی و قانونی امداد بھی میسر ہوگی۔اس کے علاوہ سنٹر میں تشدد کا شکار خواتین کے علاج و معالجہ اور رہائش کی سہولیات بھی دی جائیں گی۔سلیمان صوفی نے کہا ہے کہ داد رسی سنٹر کا تمام عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا جن کو مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ جنسی تشدد کا شکار خواتین کوٹھیک طرح سنبھال سکیں۔بہاولپور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے سرکاری اور مسلم لیگ ن کے زرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اگلے ہفتے ایک روزہ دورہِ بہاولپور پر آئیں گے۔ زرائع کے مطابق وہ 28مارچ کو لودھراں اور 29مارچ کوبہاولپورکادورہ کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کاافتتاح کرنے کے علاوہ مسلم لیگ ن کے وزراء،ایم این ایز، ایم پی ایز سے ملاقاتیں کریں گے اور مصروف دن گزاریں گے۔ اس حوالے سے سرکاری طورپر انتظامات شروع کردئیے گئے ہیں۔