• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر راولپنڈی بنچ کے دفاتر کھول دئیے گئے

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر جمعہ کولاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے دفاتر کھول دئیے گئے ۔جو جسٹس سید منصور علی شاہ نے ہڑتال کی کال کا نوٹس لیتے ہوئے بند کرادئیے تھے۔ذرائع کے مطابق بدھ کو گوجرخان بار کے معاملے پر ہائی کورٹ بار راولپنڈی نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں تعینات ججز سے درخواست کی گئی کہ ارجنٹ کیسز کے بعد کورٹ نہ کریں۔معاملہ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کے نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے ہڑتال کی کال واپس لینے کا کہا۔عملدرآمد نہ ہونے پر انہوں نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے دفاتر بشمول ڈائری اور نقل برانچوں کو بند کرادیا۔جس کے بعد بدھ کو کوئی کیس بھی دائر نہیں ہوسکا تھا۔جبکہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں بدھ کو ارجنٹ کیسز کی بھی سماعت نہیں ہوسکی تھی۔جمعرات کو عام تعطیل کے بعد جمعہ کو بھی صورت حال اسی طرح برقرار رہی اور برانچیں بند تھیں جس سے سائلین کو بھی مشکلات کا سامنا تھا۔جس پر بنچ کے سینئر جج جسٹس عبادالرحمن لودھی نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ سے رابطہ کرکے برانچیں کھولنے کی درخواست کی۔اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ ہڑتال نہیں ہے وکلاء کیسز میں پیش ہورہے ہیں۔جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے برانچیں کھولنے کا حکم جاری کیااور معمول کےعدالتی امور بحال ہوئے۔
تازہ ترین