بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی سینسس کمشنر عارف انور بلوچ کی زیر صدارت خانہ ومردم شماری کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر آفس میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل، جوائنٹ سینسس کمشنر اکبر علی ڈوگر، کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسر ظفر محمود، اسسٹنٹ کمشنر سٹی راؤ تسلیم اختر، اسسٹنٹ کمشنر یزمان شکیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ عبد الرؤف مہر، اسسٹنٹ کمشنر صدر حسنین خالد سنپال سمیت دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلع بہاول پور میں جاری خانہ ومردم شماری کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی سینسس کمشنر عارف انور بلوچ نے ہدایت کی کہ خانہ ومردم شماری مہم کو حکومت کے وضع کردہ منصوبہ کے مطابق مکمل کیا جائے اور درست اعدادوشمار مرتب کئے جائیں تاکہ نتائج کی شفافیت کے ساتھ ساتھ آئندہ قومی ترقی کی پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری فیلڈ سٹاف اپنے شناختی کارڈ اور علامتی جیکٹس ضرور پہنیں تاکہ ان کی شناخت سے عوام کوبھرپور تعاون میسر ہو۔