• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ میں سٹے سے ٹیلنٹ تباہ ہورہا ہے، خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ کرکٹ میں سٹے سے ہمارا ٹیلنٹ تباہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سکھر میں آل پاکستان شہید بے نظیر بھٹو وومن گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ٹورنامنٹ 28مارچ سے 5اپریل تک کھیلا جائے گا۔ وہ پیپلز ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کررہے تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کرکٹ میں سٹے کی مخالفت کی کیونکہ اسپاٹ فکسنگ ہمارے ٹیلنٹ کو تباہ کررہی ہے، حیرت کی بات یہ ہے کہ جب اسپاٹ فکسنگ میں ملوث بڑی مچھلیوں اور سٹا مافیا جو کہ لاہور میں موجود ہے ان کے نام سامنے آئے اس کے باوجود تاحال حکومت پنجاب نے کوئی کارروائی نہیں کی۔  ایک سوال کے جواب میں کہ عمران خان کا نام بھی بال ٹیمپرنگ میں لیا جارہا ہے پر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ چاہے عمران خان ہو یا سید خورشید شاہ جو بھی غلط کرے اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیئے۔  انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان واپڈا سمیت مختلف محکموں، سندھ ، پنجاب، بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں سے ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں ، خیبر پختونخواہ سے ابھی تک ہاکی ٹیم نے اپنی آمد کے حوالے سے نہیں بتایا، ٹیموں کی رہائش اور ٹرانسپورٹ سمیت ٹورنامنٹ کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی ایسوسی ایشن کی خوش بخت شجاعت نے کہا کہ سکھر میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے وومن ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرانا سید خورشید احمد شاہ کا ایک بڑا کارنامہ ہے، قومی سطح کے مقابلوں سے وومن کھیلوں کی ترقی ہوگی۔
تازہ ترین