• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیول چیف ہاکی ٹورنامنٹ کل سے ہاکی کلب کراچی میں شروع ہوگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پہلا چیف آ ف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ جمعرات سے ہاکی کلب میں شروع ہوگا ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو گیارہ لاکھ روپے کی نقد انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بالترتیب آٹھ اور چھ لاکھ روپے بطور انعام دئیے جائیں گے۔ انفرادی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں بھی نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان منگل کو ہاکی کلب میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور اطہر سلیم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق ہاکی اولمپین قمر ابراہیم بھی مو جود تھے، انہوں نے بتایا کہ ٹور نامنٹ میں ملک کی معروف آٹھ ٹیمیں حصہ لینگی ان میں پاکستان نیوی، آرمی ، ائیر فورس، پاکستان پولیس، نیشنل بینک آف پاکستان، سوئی سدرن گیس لمیٹڈ، پاکستان کسٹمز اورپی آئی اے شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 12 لیگ میچوں، 2سیمی فائنلز، تیسر ی پوزیشن کے میچ اور فائنل سمیت 16مقابلے ہوں گے ۔ افتتاحی تقریب 21جنوری جبکہ فائنل اور اختتامی تقریب 28 جنوری کو منعقد ہوگی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان نیوی کے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی جس کے سربراہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ہوں گے، کارکردگی کی بنیاد پرٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ، بہترین گول کیپر اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا انتخاب کرے گی۔ پاکستان نیوی نے ملک میں اس کھیل کی ترقی کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ بھر پور تعاون کا فیصلہ کیا ہے ، چیف آ ف نیول اسٹاف ہاکی ٹور نامنٹ کو فیڈریشن کے سالانہ کیلنڈر کا حصہ بھی بنایا گیا ہے۔
تازہ ترین