• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کے خلاف جے کے این آئی اے کی مہم

لندن( نیوزڈیسک) جموں وکشمیر انڈیپنڈنس الائنس کی کانفرنس کے شرکا نےگزشتہ روز گلگت بلتستان کو پاکستان کاصوبہ بنائے جانے سے بچانے کیلئے مہم چلانے کااعلان کیا ہے، بریڈ فورڈ میں ہونے والی اس کانفرنس میں ایک آزاد کشمیر کے قیام کے حامی سرگرم کارکنوں اور ان کی اولادوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور گلگت اوربلتستان کو پاکستان کاصوبہ بنائے جانے سے بچانے کیلئے ایک سیاسی اور سفارتی منصوبے پر اتفاق کیا۔تنظیم کے جنرل سیکرٹری چوہدری غلام حسین نے کانفرنس کے اختتام پر میڈیا کو بتایا کہ تنظیم کے تمام ارکان اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے متحد اور آزاد کشمیر کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیاہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیریوں کی مختلف تنظیموں ، سول سوسائٹی ،حقوق انسانی کے کارکنوں اور کشمیری عوام کی اولادوں نےگلگت اور بلتستان کے لوگوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ ، گڈ گورننس اورآزادی کے تحفظ کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینےکے عزم کااعادہ کیاہےانھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اورچین کی حکومتوں کی جانب سے پاک چین کوریڈور کے حوالے سے آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو اعتماد میں نہ لئے جانے پر ہمیں مایوسی ہوئی ہے۔انھوں نے کہاہے کہ ہم نے حکومت پاکستان سے گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سفارشات پر پوری طرح عملدرآمد کرنے اوراس حوالے سے آزاد جموںوکشمیر اور گلگت بلتستان کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے،سی پیک پر عملدرآمد کیلئے قائم پاک چین مشترکہ کمیٹی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو بھرپور نمائندگی دینے ،اس پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں مظفرآباد، نیلم استور روڈ تعمیر کرنے ،اشکمان سے تاجکستان اور کارگل سے سکردو روڈ فوری طورپر کھولنے ،گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون کادرجہ دینے،علاقے میں سیاحت کو ترقی دینے کیلئے گلگت اور مظفرآباد کے ہوائی اڈوں میں توسیع کرکے انھیں بین الاقوامی پروازوں کیلئے کھولنے، میرپور پونچھ مظفرآباد ہائی وے سے موٹروے کے راستے کو ترقی دینے اور سی پیک کو مزید توسیع دینے کیلئے جدوجہد آزادی کشمیر کی قیادت اور بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر کی حکومت کے ارکان کو مذاکرات میں شامل کرنےکامطالبہ کیاہے۔
تازہ ترین