راولپنڈی (نمائندہ جنگ) تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائینگے۔ راولپنڈی کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک شہر بنا کر دم لیں گے۔ غیرقانونی کمرشل تعمیرات کی مکمل حوصلہ شکنی کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار میونسپل کارپوریشن کے میئر سردار نسیم خان نے گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر چوہدری طارق، ایس پی سٹی ملک اقبال، سی او خالد جاوید گورایہ، سی ٹی او شاہد یوسف، چیف انجینئر آرڈی اے اطہر بخاری، ایم ڈی سالڈویسٹ رضوان شیر دل، آرڈی اے کے ڈائریکٹرز، مختلف سرکلز کے ڈی ایس پیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف شعبوں سے سرپلس سٹاف کو نکال کر تجاوزات عملے کی تعداد کو 50یا 60تک کیا جائیگا جن کیلئے مخصوص لباس ہو گا۔ راولپنڈی شہر کو چار حصوں میں تقسیم کر کے فوارہ چوک‘ کمرشل مارکیٹ‘ صادق آباد اور چاہ سلطان میں چار چوکیاں قائم کی جائینگی جو اپنے اپنے علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ دار ہونگی۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت کے مطابق 6ماہ کے شارٹ ٹرم پلان کے تحت تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک روانی کیلئے کام کیا جائیگا۔ سٹی صدر روڈ کی عمارت کے مخدوش حصے کو نیلام کرکے عارضی پارکنگ کیلئے استعمال کیا جائیگا جبکہ غیر قانونی چنگ چی رکشوں اور بغیر روٹ کی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ اجلاس میں مون سون کی آمد کے پیش نظر ہنگامی طور پر نالوں کی صفائی کا پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ بعدازاں میئر سردار نسیم خان نے لیاقت روڈ، گنج منڈی، نمک منڈی، باڑہ مارکیٹ اور راجہ بازار کا بھی دورہ کیا۔