• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلبہ یونین جمہوریت کی نرسری ہیں، کچھ لوگ ان کی بحالی نہیں چاہتے، رضا ربانی

کراچی(محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر ) سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کے طلبہ یونینز بحال ہوں کیونکہ طلبہ یونینز جمہوریت کی نرسریاں ہیں اور آج سیاسی جماعتوں میں جو بھی رہنما ہیں وہ طلبہ یونینوں کی پیداوار ہیں، افسوس کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں طلبا یونینز بحال نہیں ہوسکیں لیکن بدھ 20 جنوری کو اس حوالے سے سینیٹ میں اہم اجلاس ہو رہا ہے جس میں قانون سازی کیلئے سفارشات مکمل کرکے وفاق اور صوبوں کو بھیجی جائیں گی۔ جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ عمومی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہا المیہ یہ ہے کہ پاکستان میں تاریخ مسخ شدہ حالت میں پڑھائی جاتی ہے اور بعض تاریخی واقعات و حقائق کو ہماری نصاب میں شامل ہی نہیں کیا گیا جس کے باعث ہم تاریخ کے ایسے دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں ہم 1947ء میں کھڑے تھے۔ چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے مزید کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے مختلف ادوار حکومت میں تاریخ کو نہ صرف مسخ کیا جاتا رہا بلکہ حقائق کی من گھڑت تشریحات بھی پیش کی گئیں اور جنگوں کو جیت کی علامت بنا کر پیش کیا جاتا رہا اور ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا، ماضی میں ریاست دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی سرپرستی کرتی رہی جس کا خمیازہ ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہا پسندانہ سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے، متحد ایشیا ہی مغربی اجارہ داری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور ایسا ہونے سے روکنے کیلئے مغربی قوتیں مختلف سازشوں میں مصروف ہیں۔
تازہ ترین