مردان ( نامہ نگار ) میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ( ایم ٹی آئی ) مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ماسٹر پلان کا آغاز ہوگیا ہے اور ایم ٹی آئی فنڈ ریلیز ہونے کے بعد عملدرآمد کا کام تیز کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود‘ میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امیر خان اور ایم ٹی آئی کے پبلک ریلیشنز آفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے مردان پریس کلب کے اراکین کو ہسپتال میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صحت سہولت کارڈ کے حامل مریضوں کے لئے الگ وارڈ قائم کردیا گیا ہے جبکہ شعبہ حادثات اتفاقیہ میں بچوں کے لئے بھی خصوصی وارڈ بنایا گیا ہے ڈاکٹروں کی ہسپتال میں دن رات موجودگی کے حوالے سے ان پر چیک رکھنے کے لئے سپروائزروں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ قدرتی آفات یعنی زلزلہ سیلاب یا دھماکے کی صورت میں ڈاکٹروں اور طبی عملے پر مشتمل سپیشل ٹیم کے نصف ارکان بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لئے سپاٹ پر جائینگے اور ٹیم کے باقی ارکان واقعہ میں شدید زخمی ہونے والے افراد کے علاج کے لئے ہسپتال میں موجود رہینگے ۔ایم آر آئی بارہ گھنٹے اور سی ٹی سکین کی سہولت 24 گھنٹے مہیا کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آپریشن تھیٹر کی مزید بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور لیبر روم کو دو ہفتوں میں تمام تر مناسب سہولیات سے مزئین کیا جائے گا جس کا افتتاح چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خود کرینگے.