• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر اور گردونواح میں گرمی کی شدت سے عوام پریشان، شہری علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ

سکھر (بیورو رپورٹ)سکھرسمیت گردونواح کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث عوام پریشان ہیں تو دوسری جانب گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی سکھر شہرکے بیشتر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کاسلسلہ تیز کردیاگیا ہے ،شہری علاقوں میں10 سے 12گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں، کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں اور متعدد علاقوں میں مرمتی کام کوجوازبنا کر بجلی کی طویل بندش سے پانی کابحران پیدا ہوگیاہے۔سول سوسائٹی کی جانب سے دادوچوک پربجلی پانی کے بحران کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں برتن اٹھا رکھے تھے اور وہ سیپکو محکمہ نساسک کے خلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے۔مظاہرے کی قیادت اشفاق بھٹی نے کی۔ مظاہرین کاکہنا ہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہر کے تمام علاقے متاثرہیں جبکہ واری تڑ،دادو چوک،مینارہ روڈ، غربت آباد،شکارپور روڈ،اسٹیشن روڈ سمیت دیگرعلاقوں میں پینے کے پانی کابحران پیدا ہوگیاہے۔ محکمہ نساسک کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کوپینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے لیکن بجلی کو جوازبناکر عوام کوپریشان کیاجارہاہے۔ منتخب نمائندے،انتظامیہ کوئی بھی اس کانوٹس لینے کو تیارنہیں جس کے باعث عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔  مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر بجلی اور پانی کے بحران کا نوٹس لیاجائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔ 
تازہ ترین