سکھر(بیورورپورٹ) گزشتہ روز شہر کی گنجان آبادی والے علاقے نواں گوٹھ میں میونسپل کارپوریشن کے خاکروب صفائی کیلئے گٹرمیں اترے تواس میں زہریلی گیس بھری ہوئی تھی جس سے دوخاکروب گلزاراور حاکم موقع پرہی دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ ارشاد بے ہوش ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع فوری طورپرمیونسپل حکام کودی گئی لیکن اس کے باوجودانہوں نے کوئی ریسکیو آپریشن شروع نہ کرایاجس پرمزدوروں نے اپنی مددآپ کے تحت اپنے بے ہوش ساتھی اور کرنے والوں کی لاشوں کو گٹر سے باہر نکالا اور اسپتال پہنچایا تاہم اسپتال میں تیسرا بے ہوش خاکروب بھی دم توڑ گیا،اس موقع پر صفائی کا عملہ اپنے ساتھیوں کی ہلاکت پر روتے رہے، میڈیاکوبتاتے ہوئے الزام عائد کیاکہ انہوں نے میونسپل انتظامیہ کوپہلے ہی بتادیا تھاکہ اس گٹرمیں زہریلی گیس بھری ہوئی ہے مگراس کے باوجود انہوں نے ہمیں زبردستی اس کی صفائی کرنے پر مجبورکیااور جب واقعہ پیش آیاتو ہم نے انہیں اطلاع دینے کے لیے فون کیا مگر انہوں نے فون تک اٹھانا گوارانہیں کیا یہ ہلاکتیں میونسپل انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ہوئی ہیں جس پرمیونسپل کے عملہ صفائی نے ہڑتال کردی ہے اور ان کامطالبہ ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیاجائے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔