بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل نے کہا ہے کہ وال چاکنگ، دیواروں، دکانوں اور عمارتوں پر پوسٹرچسپاں کرنے اور بینرز لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس پر سختی سے عملدرآمدجاری ہے۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اشفاق احمد خان، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیئر مین میونسپل کمیٹی، چیف آفیسرزو دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وال چاکنگ، پوسٹر چسپاں کرنے اور بینرز لگانے پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے،اس سلسلہ میں پولیس اور دیگر متعلقہ افسران وعملہ اپنا کردار ادا کرے،انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں قائم ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیمیں فعال انداز میں کام کریں۔انہوں نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیں کہ وہ انسداد وال چاکنگ مہم کے دوران ضلع بھر کی تحصیلوں میں موثر کاروائی کرتے ہوئے اہم عمارات اور دیواروں پر سے وال چاکنگ، اشتہارات کے پوسٹرزکو جلد ازجلد ختم کریں۔