بہاولپور(نمائندہ جنگ) امیرجماعت اسلامی پاکستان وسینیٹرسراج الحق نےکہاہے کہ ایسامعاشرہ چاہتے ہیں جس میں لوگ عزت ووقارسے زندگی گزار سکیں،جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد اسلامی پاکستان،خوشحال پاکستان کیلئےہے،جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بناناہی علاقے کے مسائل کاواحد حل ہے،اب کتاب اورمیزان عدلیہ کےپاس ہے، پاناماکیس کا فیصلہ ملک سے کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو لپیٹ کر رکھ دے گا،یہاں چیونٹیوں کوپکڑااورہاتھیوں کوچھوڑ دیا جاتاہے،غریب جس دن سیاسی پنڈتوں اوراسٹیٹس کوکی حامی قوتوں کےنرغےسےنکل گیاوہ قوم کی حقیقی آزادی کا دن ہوگا۔وہ جلالپورپیروالا میں جلسہ عام،شجاع آباد باراور ماڈل ٹاؤن بی بہاولپورمیں شاہ جہاں بلوچ ایڈووکیٹ کے ناشتہ کی تقریب سےخطاب کررہے تھے۔سراج الحق نےکہاکہ جماعت اسلامی ایسی صالح قیادت اقتدارپر لاناچاہتی ہے جودیانت اورصداقت کی علامت ہو۔انہوں نےکہاکہ ڈاکٹرسیدوسیم اختر نے نواب سرصادق خان عباسی کے بعد بہاولپور کوپہچان دلائی،بہاولپورصوبہ کے حامی جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں، 70سال ملک کوبنےہوگئے مگر قائد اعظم کےنام نہادسیاسی وارثوں نے بہاولپورکےعوام کے ساتھ وعدہ نہیں نبھایا ایک خوشحال خطے کوبدحال خطہ بنا دیا،جماعت اسلامی بہاولپورصوبہ بحالی کیلئے عوام کےساتھ ہے اورتحریک میں ہراول دستہ کاکرداراداکریگی۔