• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنیوالے ہی آئندہ انتخابات میں کامیاب ہونگے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ/نیوز ایجنسیز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کی فضاء وہ پارٹیاں قائم کررہی ہیں جو ماضی میں کچھ نہ کر سکیں، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنیوالے ہی 2018 ء کے انتخابات میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں سیکورٹی مسائل حل کرے،عمران خان صرف درخت لگائیں تو خیبر پختونخوا میں ترقی ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سیکورٹی کی جو صورتحال ہے اس کے تناظر میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو ان تمام اداروں سے ملنا چاہیے جو اس کی بہتری میں کردار ادا کر سکتے ہیں، عمران خان کی ملاقات خوش آئند ہے، قوم کیلئے خوشخبری ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم بالکل تندرست ہیں اور انکے تمام ٹیسٹ کلیئر ہیں۔ ہفتہ کو جناح کنونشن سینٹر میں یوم والدین اورپائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعدازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ملک کا مستقبل دیکھ رہے ہیں نوجوان نسل کو ملک کے اندر ہی روز گار کے مواقع فراہم کرنے ہونگے اور سیاست سے بالا تر ہو کر ملکی ترقی کا سوچناہو گا ۔انہوں نے کہا قائداعظم نے بھی کہا تھا کہ خواتین کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں وزیراعظم یوتھ پروگرام میں خواتین کا 25 فیصد حصہ ہے اسلام آباد کے اسکولوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ہیلتھ کیئر پروگرام میں خواتین کا 60 سے 70 فیصد ہے ۔ہم سب کا مقصد صرف پاکستان کی ترقی ہونا چاہئے آج کا پاکستان تیزی سے ترقی اور ابھرتا ہوا پاکستان ہے ۔
تازہ ترین