• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اورنگزیب کو اندازہ نہیں عوام انکے ساتھ کیا سلوک کرنیوالے ہیں،فواد چوہدری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ مریم اورنگزیب کو اندازہ نہیں کہ مستقبل میں عوام انکے ساتھ کیا سلوک کرنے والے ہیں، جبکہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم الحق نے کہا ہے کہ نواز حکومت کو غریبوں کی مشکلات کا اندازہ نہیں ،تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ  نوازشریف اور انکی جماعت انسانوں کی فلاح و ترقی پر وسائل خرچ کرنے کو گناہ عظیم سمجھتے ہیں، انکی نظر میں صرف وہ منصوبے کارآمد ہیں۔ جن سے اپنے لئے پیسہ بنایا جا سکے۔ پارٹی کے مرکزی میڈیا سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درختوں اور فصلوں سے شدید نفرت کے باعث نواز شریف نے زراعت کا جنازہ نکالا ، نواز شریف دھرتی پر سبزہ اگانے والے کسانوں پر کسی صورت رحم کھانے کو تیار نہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ درختوں کا قتل عام کروا کے شریف برادران نے سیمنٹ اور سرئیے کے جنگلات اگائے ، نواز شریف کو فرق نہیں پڑتا کہ پاکستان خطرناک ماحولیاتی تغیر اور انتہائی خطرات کی زد میں ہے، عمران خان نے درختوں کا قتل عام روک کر اور کروڑوں نئے درخت اگا کر ماحولیات کے غضب سے پاکستان کو بچانے کی فکر کی ۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئےکہا ہے کہ نواز حکومت کو غریب عوام اور انکی مشکلات کا بالکل کوئی اندازہ نہیں ، نواز حکومت مجرمانہ انداز میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے میں مصروف ہے ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں صرف ایک ماہ میں 10 فیصد تک کم ہوئیں ، ہندوستان نے تیل 4 روپے فی لٹر سستا جبکہ نواز حکومت کو تیل مہنگا کرنے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور انکے خاندان کی لوٹ مار کے باعث عوام اس حکومت کو ٹیکس نہیں دینا چا ہتے ، گزشتہ سال کی نسبت اب کی مرتبہ براہ راست ٹیکسوں کی مجموعی وصولی میں ساڑھے تین فیصد کمی آئی ہے ، ٹیکس خسارے کو تیل کی قیمتیں بڑھا کر پورا کرنے کی حکومتی رسم انتہائی شرمناک ہے۔ نعیم الحق کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو پارلیمان سمیت ہر سطح پر اٹھائیں گے ، حکومت تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔ 
تازہ ترین