کراچی (نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ پہلے اپنے اندورنی ہاکی معاملات کو درست کرلیں پھر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور ایشیائی حکام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ہمیں تباہ حال شکل میں ملی۔ حالت سدھارنےمیں وقت لگ رہا ہے ، ہم کچھ ایشوز کو قابو کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور ایشیائی ہاکی میں ہماری نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے، ماضی کے عہدے داروں نے اس پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے پاکستان ہاکی میں مشکلات میں مبتلا ہوگیا، البتہ ہم عالمی اور ایشیائی ہاکی میں تنہا نہیں جلد مضبوط لابی بناکر اپنی پوزیشن کو بہتر بنائے گے، انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ پاکستان میں عالمی ہاکی کی بحالی پر مرکوز ہے جس کے لئے سپر ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا، حکومت نے این اوسی جاری کردیا تو اس پر فوری کام شروع ہوجائے گا۔لیگ کا انعقاد پاکستان میں ہونا چاہئے، اسے بیرون ملک کرانے سےہماری ہاکی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ خالد کھوکھر نے کہا کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور جلد کراچی کادورہ کرکے پی ایچ ایف کے مستقبل کے پلان سے میڈیا کو اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان لانے کے لئےایف آ ئی ایچ کو خط لکھنے کا ارادہ نہیں ہے۔