لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو رجعت پسند عناصر اور عالمی سازشوں کے ذریعے عدالتی قتل کرایا گیا ہے، نیب کا قانون ناکام ہو گیا ہے اور اس سے کرپشن پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ احتساب کا عمل بلاتفریق ہونا چاہئے۔ وہ اتوار کی دوپہر پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 38ویں برسی کے موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مزاروں پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ملک میں جمہوری نظام اور آئین کے تحت حکمرانی اور عوام کی بالادستی چاہتے تھے۔وہ ملک میں اسٹیٹس کو خلاف جدوجہد کرتے رہے اور عالمی طور پر ملک کو ایک ایٹمی قوت بنا نے کیلئے اقدامات کئے۔انہوں نے عرب ممالک کو تیل کی قوت سے اپنے عوام کی بہتری کیلئے اسلامی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔ اس دور میں مغربی طاقتوں اور امریکا نے عالمی طور پر مقبول مسلم رہنمائوں کو ایک ایک کرکے حکومتوں سے نکال باہر کیا۔شہید بھٹو نے ملک کو چار اہم اصولوں پر یکجا کیا جن میں آئین کی بالادستی،حکومت میں شفافیت، عوام کی حکمرانی اور غریبوں کی خدمت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بھٹو کا شدید ترین مخالف بھی ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ قبل ازیں انہوں نے پارٹی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق سکھر ایئر پورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا ہے کہ 4؍ اپریل سیاست کا سیاہ ترین دن ہے، کیونکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کیخلاف عالمی قوتیں تھیں جنہوں نے پاکستان میں بھی مخالف پیدا کئے ،اسلئے کہ بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور تمام مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ شہد ذوالفقار بھٹو قتل کے واضح ثبوت آئے ہیں جس کا سپریم کورٹ میں ایک ریفرنس پڑا ہوا ہے جس پر گرد جمع ہو رہی ہے، پاناما لیکس بھی سپریم کورٹ کا مسئلہ ہے دیکھیں کیا ہوتا ہے۔