سرگودھا(نامہ نگار)ضلعی امیرجماعت اسلامی پروفیسر عرفان احمد نے دفتر جماعت اسلامی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی سرگودھا میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ 16گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے جس سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار ڈھٹائی کامظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کو2018ءتک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی نوید سنارہے ہیں۔ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ اسٹیشنوں میں مرمت کے نام پر طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ حکمرانوں کی عدم سنجیدگی کے باعث کئی پاورپلانٹس صلاحیت کے باوجود بند پڑے ہیں۔بجلی بحران آنے والے دنوں میں مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔ حکمرانوں نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں عوام کو توانائی بحران سے نجات سمیت کسی قسم کاکوئی ریلیف فراہم نہیں کیا۔عوام جھوٹے وعدے کرنیوالوں کو آئندہ انتخابات میں مسترد کردیں ۔کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ڈیم بناکر بجلی اور پانی کی قلت کودور کیا جاسکتا ہے۔