سیالکوٹ (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر دفاع، پانی وبجلی خواجہ آصف اور صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ منشاءاللہ نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ درجنوں شہریوں نے وزراءکو مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے متعلق درپیش مسائل اور شکایات کے بارے میں آگاہ کیا۔ جس پر انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے مقامی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام الناس کے مسائل میرٹ پر حل کرنے کیلئے فرض منصبی دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں اورخلق خداکو ریلیف فراہم کرنے کیلئے محکمہ کے سربراہان خصوصی دلچسپی لیں اور اس ضمن میں غفلت یا کوتاہی کا ہر گز مظاہرہ نہ کریں ۔ ا سموقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اورسیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مقامی حکام کو تلقین کی کہ وہ شہر میں صفائی ستھرائی اور سینی ٹیشن کی خدمات کا مزید بہتر بنائیں اور شہریوں کی میونسپل سہولیات کے بارے میں شکایات کے حل کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کا آغاز ہوچکا ہے جس کے ساتھ ہی شہر میں واٹر سپلائی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوجائے گااس لئے میونسپل کارپوریشن کے تمام ٹیوب ویلیز کو چا لو حالت میں رکھا جائے اور اضافی ٹیوب ویلیز کی ٹربائین اور ٹرانسفارمر ز کو سٹور میں اسٹینڈ بائی رکھا جائے تاکہ خرابی کی صورت میں ٹربائین یا ٹرانسفارمر مرمت کروانے کی بجائے اس کو فوری تبدیل کیا جائے اور خراب آلات کی مرمت بعد میں کروا لی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک کے بہاو میں رکاوٹ بننے والے تجاوزات کو ختم کیا جائے ۔