• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی سیکٹرکےتعاون سےپسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں،شاہد خاقان عباسی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت پسماندہ علاقوں میں نجی سیکٹر کے تعاون سے ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے اور ایڈمور گیس (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے جدید ترین آئل اسٹوریج مرکز کی دولت پور، سندھ میں تعمیر اس سمت میں ایک بہترین پیش رفت ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے دولت پور، سندھ میں آئل اسٹوریج مرکز کے افتتاح کے موقع پرتقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کیا  ایڈمور گیس (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے دولت پور، سندھ میں اپنے نئے جدید ترین آئل اسٹوریج مرکز کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی تھے۔ افتتاحی تقریب میں اہم حکومتی ارکان، پاکستان کی آئل انڈسٹری کے قائدین،مقامی معززین،  ایڈمور کی انتظامیہ اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔اسٹوریج مرکز کی تعمیر پر وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اس ضمن میں تقریباً 370 ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔یہ ٹرمینل بالائی سندھ اور بلوچستان میں ریٹیل نیٹ ورک کی ضروریات کو پورا کرے گا۔ ٹرمینل کی اسٹوریج گنجائش 2 ہزار میٹرک ٹن ہے جس میں مستقبل میں مزید 3 ہزار میٹرک ٹن کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔اس اسٹوریج ٹرمینل کا نام حضرت خالد بن ولید کے نام پر رکھا گیا ہے۔ایڈمور کے چیئرمین، لیفٹیننٹ جنرل (ر)  شاہد اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ایڈمور مشترکہ منصوبوں پر کام شروع کرے گی اور ملک بھر میں کئی اسٹوریج ٹرمینلوں کی تعمیر کی جائے گی۔
تازہ ترین