بہاولپور(ڈسٹرکٹ وسٹی رپورٹر) اِدارہ پنجاب سوشل سکیورٹی کا بنیادی مقصد تحفظ یافتہ کا رکنان،محنت کشوں اور مزدوروں خواہ وہ مرد ہو ں یا خواتین دونوں کو یکساں طور پر طبی ومالی سہولیا ت فراہم کرناہیں، اب تک 52937 صنعتی و تجارتی 771068 کارکنان اور اُن کے 4626408 سے زیادہ زیر کفالت افراد سوشل سکیورٹی کی سکیم سے مستفید ہو رہے ہیں۔اِن خیالات کا اظہارکمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی منصور قادر نے ڈائریکٹوریٹ آف پنجاب سوشل سکیورٹی بہاولپور کے دورے کے مو قع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ دورانِ کار زخمی ہو کر انتقال کر جانے کی صورت میں پسماندگان کو 100فیصد مساوی پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے، بیوی بچوں کی عدم موجوگی میں مرحوم کارکنان کے والدین، بہن بھائیوں کو ادائیگی کی جائے، انہوں نے ادارہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہو ئے کہا کہ ادارہ صوبہ پنجاب میں 15 بڑے ہسپتال، 03 منی ہسپتال، 37 میڈیکل سنٹرز، 137 ڈسپنسریاں اور 84 ایمر جنسی میڈیکل سینٹرز قائم کر چکا ہے۔ مزدوروں اور محنت کشوں کے بچوں اور بچیوں کے لئے تعلیمی سہولیا ت کے دائرہ کا ر کو وسعت دی جائے گی۔، ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر چوہدری سرفراز احمد، ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر محمد اصغر علی چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر خواجہ نسیم عباس،ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف اینڈ اے نذیر احمد، آڈٹ آفیسر حسان یاسراور فیلڈ آفیسرز یاسر پاشا، صفدر اقبال بھٹی، سید رجب علی شاہ، مشتاق احمد، دلدار احمد خلجی نے بریفنگ میں شرکت کی،بعد ازاں اُنہوں نے میڈیکل سنٹر سمال انڈسٹریل سٹیٹ کا معائنہ کیا، اس موقع پراُنہوں نے بہاولپور سٹی کے لئے ایمبولینس سروس کا بھی افتتاح کیا، دفتر کے مرکزی لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کو رواں دواں رکھنے کا اعادہ کیا۔