سرگودھا،کوٹ مومن(نامہ نگاران،نمائندہ جنگ )ضلعی بیت المال کمیٹی سرگودہا کے زیراہتمام 108 مستحق افراد میں چودہ لاکھ 46ہزار روپے کی مالی امداد کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ دیگر مہمانوں میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید ‘ ایم پی اے چوہدر ی عبدالرزاق ڈھلوں ‘ وائس چیئر مین بیت المال محمد عالم برکی ‘ سیکرٹری بیت المال محمد یار گوندل ‘لیاقت علی وڑائچ ‘ مولانا اکرم طوفانی ‘ میاں عبدالجبار ‘ میاں عبدالغفار و دیگر شامل تھے ۔چیئر مین بیت ا لمال عرفان اللہ ثنائی نے مہمانوں کے ہمراہ مستحقین میں چیک تقسیم کئے ۔اس موقع پر پچاس افراد میں دس ہزار فی کس ، 27 معذور افرادمیں دس ہزارفی کس ،چودہ افرادمیں 24ہزار فی کس جبکہ 17افراد میں جہیز فنڈزکے بیس ہزار روپے فی کس کے حساب سے تقسیم کئے گئے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لیاقت چٹھہ نے سرکاری اراضی پر قبضہ کی عوامی شکایات پر محلہ لکانوالہ کوٹمومن کاد ورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے محکمہ مال کے عملہ کو ہدایت کی کہ قبضہ مافیا کیخلاف فی الفورکارروائی کی جائے۔سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن عفت النسا کو جامع رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے بیت المال کے دفتر کا افتتاح بھی کیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں 91ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی جن پر ایک ارب سترہ لاکھ 47 ہزار روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیاہے ۔ اجلاس میں اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ ماریہ طارق ، اے ڈی سی جی ذوالقرنین لنگڑیال ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ شفیق الرحمان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔