اسلام آباد (عاصم جاوید‘ خبر نگار) پرویز مشرف کی ٹیلی فونک پریس کانفرنس کے دوران آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں نامعلوم شخص نے ہنگامہ کھڑا کر دیا جس پر سکیورٹی عملے نے اسے فوراً قابو کر لیا اور بعد ازاں دفتر کے باہر چھوڑ آئے۔ مذکورہ شخص نے اس وقت ہنگامہ کھڑا کیا جب اس کی شناخت پوچھی گئی۔ نامعلوم شخص نے پہلے مرکزی سیکرٹریٹ کے عملے سے بدتمیزی کی‘ شور کی آواز سن کر بعض صحافی باہر آگئے اور انہوں نے بھی اس شخص سے پوچھا کہ آپ کون ہو جس پر اس شخص نے دوبارہ بدتمیزی شروع کر دی۔ اس موقع پر تلخ کلامی بھی ہوئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ بعد ازاں اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد بھی ہال سے اٹھ کر باہر آگئے اور معاملہ رفع دفع کروا دیا جس کے بعد نامعلوم شخص کو دفتر کے باہر لے جاکر چھوڑ دیا گیا۔