کوئٹہ(خ ن)ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کااجلاس ہوا ۔جس میں ڈسٹرکٹ چیئر مین زیارت سردار میر وائس خان اور گروپ کے تما م ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس میں مختلف فیصلے کئے گئے ۔اجلاس سے ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اقوام دنیا پر حکمرانی کررہی ہیں ،تعلیم ترقی کا زینہ ہے ،حکومت ضلع زیارت میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔انہوں نے کہا یکم مارچ سے ضلع زیارت کے تمام سکول کھل چکے ہیں ضلع زیارت کے اساتذہ اپنی جائے تعیناتی پر موجودگی یقینی بنائیں،اس سلسلے میں غفلت برتنے والے اساتذہ کی تنخواہ سے کٹوتی کریں گے،غیر حاضر اساتذہ کے لیے ضلع زیارت میں کوئی جگہ نہیں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت ایکشن لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ سکولوں کے دوران غیر حاضر اساتذہ کے خلاف محکمہ تعلیم سخت محکمانہ کاروائی کرے گی انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم دینا حکومت اور محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا مقام معاشرے میں بہت اونچا ہے ،اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ڈسٹرکٹ چیئر مین زیارت سردار میر وائس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع زیارت میں تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔