اسلام آباد ( ناصر چشتی ،خصوصی نمائندہ) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا پیداواری یونٹ جون 2017 ء، دیگر تین یونٹ دسمبر 2017 ء تک مکمل ہو جائیں گے،تکمیل پر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیشنل گرڈ کو سالانہ 5 ارب 15 کروڑ یونٹس بجلی فراہم کرے گا ،چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ پراجیکٹ کے بہت سے حصوں پر کام کی پیش رفت نظر ثانی شدہ شیڈول سے آگے ہے،چیئرمین نے نوسیری کے مقام پر ڈیم سائٹ، مجوہی کے مقام پر نیلم اور جہلم دریائوں کی کرا سنگ اور چھتر کلاس کے مقام پر پاور ہائوس کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریورکراسنگ سیکشن میں رائٹ ٹنل کے دوحصوں کو باہم ملانے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ رائٹ ٹنل کے دونوں سیکشن جن میں سے ایک ڈیم سائٹ اور دوسرا پاور ہائوس سے نکلتا ہے، کو 9 جنوری کو انتہائی مہارت اور درستگی سے ملا دیا گیا تھا جبکہ اس کام کے لئے ٹارگٹ15 جنوری مقرر تھا۔ چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ 76 فی صد مکمل ہو چکا ہے ۔ 68 کلومیٹر طویل سرنگوں میں سے تقریباً 59کلومیٹر طویل سرنگوں کی کھدائی کی جاچکی ہے جبکہ ڈیم سائٹ پر کام 74 فی صد مکمل ہوچکا ہے۔ پراجیکٹ کا پاور ہائوس اور سوئچ یارڈ رواں سال نومبر تک مکمل ہوجائیں گے۔ اپنی تکمیل پر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، نیشنل گرڈ کو سالانہ 5 ارب 15 کروڑ یونٹس بجلی فراہم کرے گا۔