• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ نہ کرنے والے الزام لگا رہے ہیں، چوہدری نثار

راولپنڈی/ کلرسیداں (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ تنقید کرنا آسان اور حکومت کرنا مشکل ترین عمل ہے، اقتدار میں آئے تو مسائل کے انبار تھے ، لیگی حکومت نے ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالا ،مخالفین کی تنقید کے باوجود ہم نے آگے بڑھتے رہنا ہے،عوام حق کا پرچم تھام کر ہمارا ساتھ دیں، مختلف جماعتوں کا لبادہ اوڑھنے والوں کو پہچانیں،کچھ لوگوں نے اقتدار کو عوام کی خدمت کی بجائے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا ،اپنے صوبے میں کچھ نہ کرنے والے الزام لگا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو راولپنڈی میں تقریب اور کلرسیداں میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ مسائل راتوں رات حل نہیں ہوتے اس کے لیے مسلسل محنت اور جدو جہد کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دور حکومت میں ہر روز ایک کرپشن اسکینڈل سامنے آتا تھا ، دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی تنقید کے باوجود ہم نے آگے بڑھتے رہنا ہے اور پاکستان کو ترقی دینی ہے ،ملک کے عوام مسلم لیگ (ن) کیساتھ ہیں، عوام حق کا پرچم تھام کر ہمارا ساتھ دیں۔انہوںنے کہاکہ چکلالہ ویلفیئر سٹی میں پارک، اسپتال اور مسجد کی تعمیر کے ساتھ ساتھ 200 بستروں پر مشتمل اسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے گااور اس پراجیکٹ کو ایک برس میں مکمل کر لیا جائے گا۔بعد ازاں کلرسیداں میں علاقے کے عمائدین اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری طاقت کردارہے، اقتدار نہیں، قوم جانتی ہے کس نے اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اور اقتدار کو ذاتی مفاد اور مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ   نئے پاکستان کے دعویداروں کے ارد گرد مشرف کی وردی کا دم بھرنے والے لوگ ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو (ق) لیگ سے وفاداری کا دم بھرتے تھے۔ 
تازہ ترین