• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے بھیانک نتائج سامنے آئینگے، چوہدری مالک

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) آزاد کشمیر تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد مالک نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے۔ آزادی پسند جماعتوں کو اس سے فائدہ پہنچے گا اور خودمختار کشمیر کے حامیوں میں اضافے کا سبب بنے گا۔ بین الاقوامی سطح پر بھی کشمیر کا کیس کمزور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے عہدے دار کے بیان سے ہمیں ہوش آجانا چاہیے جس میں پاکستان کے گلگت اور بلتستان کے معاملے میں اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک جانب جموں کشمیر میں رائے شماری کا واویلا مچا رہا ہے جبکہ دوسری جانب خود ہی اس سے انحراف بھی کررہا ہے جس سے اشارہ ملتا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت سے دستبرداری کے تاریخی اقدام کا ارتکاب کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کشمیر کا معاملہ ایک احساس نوعیت کا ہے۔ کشمیریوں کو جب بھی رائے شماری کا موقع ملا تو وہ اپنی منزل کا فیصلہ پاکستان ہی کا کریں گے مگر وقت سے پہلے اس طرح کے اقدامات نہ صرف تحریک آزادی کو نقصان پہنچائیں گے بلکہ اقوام متحدہ میں بھی ہمارا کیس کمزور ہوگا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی وہ کشمیر کے معاملے میں احتیاط سے کام لے، ورنہ کشمیری قوم اپنا فیصلہ خود کرلیں گے اور علیحدگی پسند جماعتوں کے موقف کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ نظریاتی فرق کو ایک طرف رکھتے ہوئے کشمیر کے مسئلے پر متحد اور منظم ہوجائیں، ورنہ ہماری آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔
تازہ ترین