بہاولپور(سٹی رپورٹر) بہاولپور میوزیم کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لئے درکار فنڈز جلد جاری کر دیئے جائیں گے۔یہ بات چیئر مین بورڈ آف گورنرز بہاولپور میوزیم و سنیٹر چوہدری سعود مجید نے بہاول پور میوزیم کے بورڈ آف گورنرز کے 20ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ممبر بورڈ آف گورنرز ایم این اے بیگم پروین مسعود بھٹی، سابق ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، ایم پی اے میاں شعیب اویسی، پروفیسر صفیہ فروغ، چیئر مین شعبہ تاریخ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور شاہد حسن رضوی سمیت دیگر ممبران شریک تھے۔بورڈ آف گورنرز کے 20ویں اجلاس میں بہاول پور میوزیم کی ترقیاتی سکیموں اور موجودہ دستیاب سہولیات میں بہتری کے لئے مختلف تجاویز زیر غور لائی گئیں۔اجلاس میں سرصادق محمد خان میموریل گیلری کی تعمیر سمیت ہال اور بہاولپور میوزیم کی فرنٹ ایلی ویشن کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر اہم امور کو زیر بحث لایا گیا۔