لاڑکانہ(پ ر)کمشنر لاڑکانہ و سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران ان کی ملاقات چیئرمین ا یکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی ممتاز علی شاہ سے ہوئی ۔ ملاقات میں باہمی امور کے علاوہ لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں کاروباری برادری کا برآمدات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے رجحان کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ اور سکھر میں انڈسٹریل زون کے قیام کیلئے کافی بہتر مواقع موجود ہیں ۔ جہاں نہ صرف مقامی سرمایہ کاری میں اضافہ بلکہ ملکی صنعت کا پہیہ مزید ترقی کی جانب گامزن ہو گا اور روزگار کے وسیع مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی ممتاز علی شاہ نے انکی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اورتجاویز حکام بالا کے سامنے پیش کی جائیں گی۔متعلقہ دو ڈویژنز میں زون کا قیام مقامی و غیر ملکی صنعتکاری و سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ثابت ہو گا۔ سی پیک منصوبے میں بھی اس کے دوررس نتائج متوقع ہیں۔بعد ازاں چیئرمین ا یکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی ممتاز علی شاہ نے کمشنر لاڑکانہ و سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کو ادارے کی شیلڈ پیش کی۔