• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ہمیشہ اپنی مرضی کافیصلہ چاہتےہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہےکہ عمران خان ہمیشہ اپنی مرضی کافیصلہ چاہتےہیں، تحریک انصاف پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں مثبت کردار ادا کرے، سڑکوں پر نعرے لگانے کی بجائے پارلیمنٹ میں کام کرے، عمران خان الیکشن کمیشن کو اثاثوں اور فارن فنڈنگ کے بارے میں جواب اور تلاشی دینے کو تیار نہیں، سوال کیا جائے تو گالی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت نےعمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ریاستی اور آئینی ادارے مستحکم ہورہے ہیں اور آپ کی طرف سے ان ادار وں کی تضحیک انکے استحکام پر اثر انداز نہیں ہو سکتی، عمران خان کبھی تو ایسا اقدام کریں جو پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کیلئے بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے لوگ وہی کرتے ہیں جو عمران خان نے ان کو سکھایا ہے،وہ چاہتے ہیں کہ ہر کوئی ان کی انتشار اور فساد سے بھری ہوئی زبان بولے اور ہر فیصلہ ان کی مرضی کے مطابق ہو، عمران خان اور انکی جماعت پاکستان کے اندر ہر قسم کی اصلاحات اور ترقی کو روکنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہر قسم کا فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔
تازہ ترین