لاہور( جنرل رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے درمیان گزشتہ روز یہاں ملاقات ہوئی،جس میںباہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ چار برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔موجود ہ حکومت دیہی اورشہری علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل پیر اہے اورعوام کی فلاح و بہبود کیلئے صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے۔ اتنی گنجائش کے منصوبے اتنے کم وقت میں چین میں بھی مکمل نہیں ہوئے۔انہوںنے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے 1320میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی اوریہ منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے دور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کو فروغ دیا ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی وخوشحالی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پروگرام پر عملدر آمد کیا جارہا ہے، پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ گورنر پنجاب رفیق احمد رجوانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے منصوبوں میںمعیاراوررفتار کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں اوروزیراعلیٰ شہبازشریف دن رات عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔مزید براں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے بھی وزیر اعلیٰ سےملاقات کی اور گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب میں منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کا چرچہ پوری دنیا میں ہے اور شہبازشریف کی غیرمعمولی انداز سے منصوبے مکمل کرنے کی رفتار ’’پنجاب سپیڈ‘‘ ضرب المثل بن چکی ہے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق بھی اس موقع پر موجود تھے۔پنجاب حکومت کی جانب سے چینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے والے تیسرے بیچ کے طلبا ء نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی صوبے میں میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کو شاندار الفاظ میں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہباز شریف کی میرٹ پالیسی کے باعث ہم ایک شفاف طریقہ کار کے ذریعے منتخب ہو کر چینی زبان سیکھنے چین جا رہے ہیں جس پر ہم ان کے بے حد شکرگزار ہیں۔ وزیراعلی نے طلبا ء سے استفسارکیا کہ کیا آپ کوچینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے کے لئے منتخب ہونے کے لئے کوئی سفارش کرانا پڑی یا پیسہ استعمال کرنا پڑا تو تمام طلبا نے بیک زبان کہا کہ ہمارا انتخاب صرف میرٹ پر ہوا ہے-بہاولنگر کے یاسر اسلام ،میاں چنوںکے یاسر نوید ،فیصل آباد کے طلحہ تنویر ،ڈی جی خان کے عامر سعید ،ساہیوال کے رانا علی سےوزیر اعلیٰ نے کہاکہ آپ نےمحنت سے چینی زبان سیکھنی ہے اور میں اگلے ماہ اہم کانفرنس میں شرکت کے لئے چین جا رہاہوں وہاں آپ سے ملاقات کروں گا-۔ 39طلباء پرمشتمل وفد 13اپریل کو چینی زبان سیکھنے کیلئے لاہور سے چین روانہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین جانے والے وفد میں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بچے بھی شامل ہیں اور ہم نے خیبر پختونخواہ اور سندھ کے بچوں کو بھی دعوت دی ہے ،پنجاب حکومت مجموعی طورپر 500طلباء و طالبات کو چین بھیج رہی ہے ۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں گیس سے چلنے والے بجلی گھر تعمیر کئے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نےمنگل کے روز لاہور میں مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں اور کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقوام متحدہ کی امن کی سفیرمقررہونے پر ملالہ یوسف زئی کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ایئر چیف مارشل سہیل امان آج چک 5 فیض میں ایئریونیورسٹی ملتان کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔