گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد عامر جان نےکہاہےکہ ضلع میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گ ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پہلے ڈپٹی کمشنر ٹی 20 بلائنڈ گولڈ کرکٹ کپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ پہلے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ بلائنڈ گولڈ کرکٹ کپ میں پنجاب بھر سے 6ٹیموں گوجرانوالہ ، ملتان ، لاہور ، شیخوپورہ ، اوکاڑہ اور سرگودھا کی ٹیموں نےشرکت کی۔ فائنل میں گوجرانوالہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے لاہور کی ٹیم کو شکست دی ۔ ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان اور ممبران صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ اور توفیق احمد بٹ نےکھلاڑیوں میں انعامات ، شیلڈز اور ٹرافی تقسیم کیں ۔گوجرانوالہ بلائنڈ اسوسی ایشن کی طرف سے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم (گوجرانوالہ بلائنڈ ز) کو ایک لاکھ روپے ، فاتح ٹرافی اور کھلاڑیوں میں سرٹیفیکیٹ اور فائنل میچ میں ہارنے والی لاہور کی ٹیم کو 50ہزار روپے انعام ، رنرز اپ ٹرافی اور کھلاڑیو ں کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے ۔ ٹورنامنٹ بہترین بلے باز اور بولر کو 15ہزار فائنل میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی خصوصی انعامات دیئے گئے۔