ٹوکیو(عرفان صدیقی،نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کے لئے پانچ مئی کو تین روزہ دورے پر جاپان پہنچیں گے ، ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایشیائی ممالک کی معاشی صورتحال اور رکن ممالک میں ہونے والی معاشی ترقی اور دیگر جاری منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا، یہ کانفرنس جاپانی حکومت کی میزبانی میں جاپان کے تاریخی شہر یوکوہاما میں منعقد ہورہی ہے جس میں دنیا کے کئی اہم ممالک کے وزرائے خزانہ ،ترقیاتی امور کے وزیر ، اسٹیٹ بینک کے گورنرز سول سوسائٹی اور میڈیا کے ارکان سمیت تین ہزار افراد شریک ہورہے ہیں ، جاپانی حکام کے مطابق کانفرنس جو چار مئی سے شروع ہورہی ہے جس میں سیمینارز منعقد ہونگے جبکہ بورڈ آف گورنرز کی افتتاحی کانفرنس چھ مئی کو منعقد ہوگی یہ کانفرنس سات مئی تک جاری رہے گی ، توقع ہے کہ اسحاق ڈار اس کانفرنس میں عالمی رہنمائوں سمیت اہم جاپانی سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔