سیری( جنگ نیوز)گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے اس کو صوبہ نہیں بنایا جا سکتا حکومت جلد بازی سے گریز کرے ،مسلم لیگ ن کی حکومت کشمیریوں کے ساتھ مخلص ہے تو گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے بجائے آزاد کشمیر کے طرز کا سیٹ اپ دے، مسئلہ کشمیر اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کشمیری سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ ، راست اقدام سے گریز نہیں کرینگے ۔ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی ، سماجی ، مذہبی رہنماؤں ، مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے سروے میں اظہار خیا ل کرتے ہوئے کیا ۔پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی صدر عبدالقیوم قمر نے کہا کہ گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے اس کو تقسیم نہیں کیا جا سکتا ، تحریک آزادی کے خلاف سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے د یں گے۔ سابق پی آر او وزیر تعلیم و کالجز قیوم چوہان نے کہا کہ گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے صوبہ بنانے سے تحریک آزاد ی کشمیر پر منفی اثرات پڑیں گے۔مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما ظفر اقبال غازی نے کہا کہ کشمیر ایک وحدت ہے اس کو تقسیم نہیں کیا جاسکتا مسلم کانفرنس تقسیم کشمیر کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کر ے گی،مجاہد اول سردار عبدالقیوم نے ہمیشہ ہر جگہ عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ۔جماعت اسلامی کے رہنما زاہد عباس نے کہا کہ گلگت بلتستان کشمیر کا حصہ ہے حکومت پاکستان اس کو صوبہ بنانے کی جلدبازی سے گریز کرے۔جمو ں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں سہیل احمد کٹاریہ ، ادیب ظفر ، راجہ عابد ، راجہ زاہد نقیبی ، سید اقتدار حسین شاہ ، جی ایم جرال نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت عالمی توجہ کامرکز بناہوا ہے۔انجمن تاجراں کھوئی رٹہ کے صدر اشفاق خان ،سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری ، مذہبی رہنما اعجاز احمد کشمیری نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کی اپنی ایک تاریخ ہے ۔ جموں کشمیر پبلک رائٹس پارٹی کے صدر ضیا ء الرحمن غازی نے کہا کہ کشمیری قوم سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ۔تحریک انصاف کے رہنما قاضی اسد تبسم نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا گیا تو کشمیری راست قدم اٹھانے پر مجبور ہو نگے۔ سروے میں زاہد حسین ، راجہ نبیل کشمیر ، وحید جنگی ، تعظیم مغل ، اعجاز احمد ، معصوم راہی ، راحیل کشمیری ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔