گجرات (نمائندہ جنگ) وزیر اعلی ٰمیاں شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو دی جانیوالی ادویات کا معیار چیک کرنے کیلئے نمونہ جات حاصل کر لئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا، ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد غوری نے نمونہ جات لینے کے عمل کی نگرانی کی۔ نمونہ جات کے حصول کیلئے وزارت صحت کے ڈائریکٹر آپریشنز پی ایم یو راشدارشاد کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے سی ای او ہیلتھ آفس، ٹی ایچ کیو کنجاہ، لالہ موسیٰ،اور کھاریاں میں جاکر ڈرگ سٹورز میں موجود ادویات کے نمونہ جات حاصل کئے جنہیں بعد ازاں چیکنگ کیلئے انٹرنیشنل لیبارٹریز میں بھجوایا جائے گا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہسپتالوں میں فراہمی کیلئے اعلی معیار کی حامل کمپنیوں سے ادویات خریدی ہیں، نمونہ جات لینے کا مقصد اس امرکو یقینی بنانا ہے کہ ادویات کا اسٹینڈرڈ حکومت کی طرف سے مقرر کر دہ معیار کے مطابق ہےکہ نہیں۔