سکھر (بیورو رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے ضلعی آرگنائیزر سراج احمد ایڈووکیٹ، نومنتخب یوسی چیئرمین نواں گوٹھ ذاکر بندھانی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر (اے ڈی سی) کی جانب سے نامناسب رویئے اور یوسی کے نتائج تبدیل کرنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شامل یوسی چیئرمین فرید احمد صدیقی، نسیم ہاشمی، طارق یوسفی، محمد نعیم، انور ملک سمیت دیگر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 13اپریل کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار محمد ذاکر بندھانی 1076 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ 188 ووٹوں سے ناکام رہنے والے حکمران جماعت پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار عامر بندھانی کی درخواست پر ری کاؤنٹنگ کے دوران قائم مقام ڈی آر او ، اے ڈی سی و دیگر نے محکمہ ریوینیو کے افسران نتائج تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور ری کاؤنٹنگ کے دوران بھی وارڈون گورنمنٹ گرلز اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن جہاں پر 222 ووٹ لیکر ذاکر بندھانی کو واضح برتری حاصل تھی، ری کاؤنٹنگ کے دوران تھیلے میں بغیر تصدیق شدہ 398 ووٹ ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ 2پولنگ اسٹیشن سے 125 ووٹوں کو جان بوجھ کر ڈبل مہر لگا کر ناکارہ کردیا گیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اور ان کی ایما پر تعینات ہونیوالے محکمہ ریونیو کے افسران کو یہ کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اور یہی وجہ ہے کہ وہ جان بوجھ کر نتائج کو تبدیل کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر نتائج کو تبدیل کر کے شکست میں دوچار کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے متعلقہ افسران کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ مظاہرین نے ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے، لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی، ٹھپہ مافیا نہیں چلے گی کے نعرے لگا کر اے ڈی سی کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔