• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر پریس کلب پر مشتعل مظاہرین و سیاسی کارکنوں کا حملہ، توڑ پھوڑ

سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر پریس کلب پر مشتعل مظاہرین اور ایک سیاسی جماعت کے کارکنان کا حملہ، توڑ پھوڑ، 10صحافی، کیمرامین زخمی، صحافیوں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔انصاری برادری کے مشتعل مظاہرین نے ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں کے اکسانے پر سکھر پریس کلب پر دھاوا بول دیا اورپریس کلب میں توڑپھوڑ کرکے کوریج کرنے والے 10 کیمرامین اور صحافیوں ناصر عباس جعفری،رزاق سولنگی،فیصل آرائین،جاوید میمن، جھانزیب وسیر ،مسعود زیدی، شاہزیب،اسلم دایو اور دیگر کو زخمی کردیا،پریس کلب پر موجود پولیس نے کوئی مزاحمت نہیں کی۔ واقعے کے فوری بعد سکھر پریس کلب،یونین آف جرنلسٹس،کیمرامین ایسوسی ایشن کا مشترکہ ہنگامی اجلاس پی ایف یو جی کے مرکزی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل لالا اسد پٹھان کی زیرصدارت ہوا،اجلاس میں بڑی تعداد میں صحافیوں، فوٹوگرافرز اور کیمرامینوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکھر پریس کلب پر حملے کی مذمت کی گئی۔  واضح رہے کہ تین روز قبل پرانا سکھر سے بارہ سالہ بچہ فرخ انصاری لاپتہ ہوگیا تھا جس کی لاش روہڑی سے برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا تاہم ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے لواحقین کو ورغلایا اور پریس کلب پر احتجاج کے بہانے حملہ کردیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پریس کلب کی جنرل باڈی کا ہنگامی اجلاس 18اپریل کو منعقد کیا جائے گا جس میں پریس کلب پر ہونے والے حملے سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے فیصلے کئے جائیں گے۔ کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سکھر پریس کلب پر احتجاجی مظاہرین کی جانب سے جیو نیوز کے رپورٹر ناصر جعفری سمیت دیگر صحافیوں اور میڈیا کارکنان پر حملے اور پتھرائو کی مذمت اور ناصر جعفری کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے پوری صحافی برادری پر حملہ قرار دیا ہے، سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد، سینئر نائب صدر شاہین قریشی، سیکرٹری جنرل اعجاز الحق و دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ صحافیوں کو حق و سچ لکھنے اور آزادی اظہار رائے کی پاسداری کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ہائوسز پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور اخبارات کے دفاتر اور میڈیا ہائوسز کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) کے صدر رانا عظیم، سیکرٹری جنرل جی ایم جمالی،فیڈرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سید نصر اقبال، عاجز جمالی، اسماعیل ڈومکی،سعید جان بلوچ،کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر حسن عباس، سینئر نائب صدر اعجاز احمد،سیکرٹری واجد اصفہانی،غلام اکبر جعفری،موسیٰ رضا اور دیگر نے سکھر پریس کلب پر ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں کے صحافیوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں پر حملے میں ملوث  ملزمان کو بلا تاخیر گرفتار کر کے مقدمہ قائم کیا جائے۔
تازہ ترین