اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویزمشرف نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی جرائم پیشہ افرادکیلئے بنائی جاتی ہے‘حیران ہوں مٹھائیاں کس بات پر تقسیم ہورہی ہیںجبکہ پی پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیئرحسین بخاری کا کہناہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے نوازشریف اوران کے خاندان کو اخلاقی طور پر شکست ہوئی ہے ‘پی پی پنجاب کے صدرقمرزمان کائرہ کہتے ہیں نوازشریف رہیں نہ رہیں سیاسی میدان میں ان کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ جمعرات کو آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی دفتر میں موجود پارٹی رہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہاکہ میاں نواز شریف وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہنے کا جواز کھوچکے ہیں‘سپریم کورٹ کے ججوں نے انہیں صادق اور امین قرارنہیں دیا‘جے آئی ٹی جرائم پیشہ افراد کیلئے بنائی جاتی ہے‘ حیران ہوں کہ مٹھائیاں کس بات پر تقسیم کی جارہی ہیں۔ نوازشریف فوراً اپنے عہدے سے مستعفی ہوں‘نواز شریف کے وزیراعظم ہوتے ہوئے ادارے غیر جانبدارانہ تحقیقات کیسے کر سکتے ہیں۔