کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور کے جوہرٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے پی ایچ ایف کو پاکستان وائٹ ہاکی ٹیم کے کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کو رہائش فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ واضح رہے پی ایچ ایف کی جانب سے پاکستان وائٹ ہاکی ٹیم کے کیمپ کے لیے ملک بھر سے مختلف ایسوسی ایشن و ڈیپارٹمنٹس کے پلیئرز کو لیٹر جاری کیا جا چکا ہے اس سلسلے میں پی ایچ ایف نے اپنی تیاریاں بھی مکمل کرلی ہے۔ اس صورتحال میں پی ایچ ایف کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ بات چیت جاری ہے۔ بات نہیں بنی تو کیمپ کو کسی اور اسٹیڈیم میں منتقل کردیں گے۔ دوسری جانب جوہر ٹائون اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کی جانب34 لاکھ روپے واجب الادا ہیں، پچھلی فیڈریشن نے تین لاکھ روپے نہیں دئیے، انتظامیہ کا موقف ہے کہ پریکٹس کے لئے گرائونڈ دینے سے انکار نہیں کیا۔ ہم رہائش اور دیگر اخراجات نہیں اٹھاسکتے۔