• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: ضلع بھر میں معاشرتی برائیوں کے خلاف کریک ڈائون تیز

سکھر (بیورو رپورٹ) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی سربراہی میں سکھر پولیس نے پرچی جوا ،منشیات فروشوں اور معاشرتی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں جوا چلانے والے اڈوں اورمنشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران جوا اور منشیات کے درجنوں اڈوں کا قلع قمع کیا گیا ہے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور جوا میں استعمال ہونے والا سازوسامان جس میں موبائل، تاش کے پتے اور جوا پر لگی ہوئی رقم اپنے تحویل میں لے لی۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دیں ہیں کہ ضلع کے تمام علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے ساتھ اسٹریٹ کرائم اور معاشرتی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپو رکریک ڈاؤن کیا جائے ، خاص طور پر جوا، منشیات، فحاشی کے اڈوں ، پان پرا گ، گٹکا فروخت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے اور کسی بھی علاقے میں ان کی موجودگی کی اطلاعات ملیں توبروقت کارروائی کر کے انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے، انہوں نے بتایا کہ پولیس نے چند ماہ کے دوران منشیات فروشوں اور جوا کے اڈوں کے خلاف بھرپور اور کامیاب کریک ڈاؤن کئے ہیں جس کے دوران ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے قبضے سے چرس، بھنگ، شراب کی بوتلیں بھاری مقدار میں برآمد کر کے 212مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے 263 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔جبکہ جوا میں ملوث ملزمان کے خلاف 97مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے 511جواریوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں نقدم رقم، سٹے کی بک و پرچیاں، تاش کے پتوں کے پیکٹ وہیکل و موبائل فونز اور فیکس مشین برآمد کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ نشہ آورمین پوڑی اور گٹکے کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے 49مقدمات درج کر کے 64 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں نشہ آور مین پوڑی اور گٹکا برآمد کیا گیا۔
تازہ ترین