• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرب قیامت ہے چوہدری نثار شیر بن رہے ہیں، خورشیدشاہ

سکھر (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو مضبوط دیکھنا ہے تو وزیراعظم میاں نواز شریف استعفیٰ دیکر دوسرا وزیراعظم لے آئیں، نواز شریف مضبوط نہیں ہوئے بلکہ زمین پر بیٹھ گئے ہیں اور ڈھیٹ بن کر میں نہ مانوں والی بات کررہے ہیں، قیامت کی نشانی تو یہ بھی ہے کہ وزیر داخلہ شیر بن گئے ہیں، پرویز مشرف کے دور میں وزیر داخلہ کو پروٹوکول دیا گیا،نیشنل ایکشن پلان میں رکاوٹ وفاقی وزیر داخلہ ہیں وہ ہر بات آستینیں چڑھا کر کرتے ہیں،ہم بھی ایسا کرسکتے ہیں ، نواز شریف اپنے لوگوں کو منع کریں پردہ اٹھے گا تو بھید کھل جائے گا، ہمارے منہ میں بھی زبان ہے، ہم گندی سیاست میں نہیں جانا چاہتے ، عمران خان سندھ میں پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہیں وہ بتائیں انہوں نے خیبرپختونخوا میں کیا کیا ہے، عمران خان کی سیاست سے میاں نواز شریف مضبوط ہوا ہے۔وہ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم نے پہلے وزیراعظم کو استعفیٰ نہ دینے کا کہا تھالیکن آج ہم کہتے ہیں کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں ، اگر وہ جے آئی ٹی میں سرخرو ہوتے ہیں تو دوبارہ وزیراعظم بن جائیں۔عدالتوں نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیاہے، وزیراعظم کے نیچے بننے والی جے آئی ٹی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا،میاں نواز شریف نے سیاسی فیصلہ کرنے کا موقع ضائع کردیاہے اب وہ بالکل مضبوط وزیراعظم نہیں رہے۔ عمران خان کو مشورہ دوں گا ایسا نہ کریں،عمران خان کی سیاست سے نواز شریف مضبوط ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا بد ترین بحران ہے، خواجہ آصف کہتے ہیں کہ بجلی چوری ہورہی ہے، میں ریکارڈ کی بات بتاتا ہوں کہ لیسکو میں حسیکو اور سیپکو سے 20فیصد زیادہ چوری ہے،فرق اس لئے نظر نہیں آتاہے کہ وہاں کمرشل صارفین زیادہ ہیں،سات ہزار میگا واٹ کی لوڈشیڈنگ چل رہی ہے،چار سال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کور کیوں نہیں کیا،پنجاب میں گیس کی چوری جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف اور تمام حکمرانوں نے کیا تھا آج پیپلزپارٹی کے دور سے زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، سندھ کے شہری علاقوں میں 15گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہے یہ سندھ کے ساتھ ظلم ہے، کیا ہم پاکستانی شہری نہیں ہیں۔ 
تازہ ترین