ملتان(سٹاف رپورٹر،نمائندگان)ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کم نہ ہو سکی،میپکو ریجن کے شہروں میں 8 سے 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جس سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا، لوڈشیڈنگ کیخلاف ملتان ،سکندرآباد اور بدھلہ سنت میں مظاہرے کئے گئے،تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے گردیزی مارکیٹ میں تاجروں نے لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، انجمن تاجران ملتان شہر کے صدر عارف فصیح اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے تاجر اور عوام لوڈ شیڈنگ کے دردناک عذاب سے گزر رہے ہیں، تاجر رہنمائوں نوید ظفر، شعیب وحید، خادم حسین، اعظم، فرحان نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تاجروں اور عوام کا جینا دو بھر ہو گیا ہے،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی گئی تو تاجر اور عوام مل کر حکومت کا گھیرائو کرنے سے گریز نہیں کرینگے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے زیراہتمام لوڈشیڈنگ ،مہنگائی ، بے روزگاری اور حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف آج 25 اپریل صبح دس بجے چوک کچہری ملتان پر احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔ جس میں نتاشہ دولتانہ ، عبدالقادر شاہین ،اراکین اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈرز اور تمام ملحقہ ونگز کے عہدیدار و کارکن شرکت کریں گے۔میپکونے بجلی کی فراہمی میں صارفین کا بدترین استحصال شروع کردیا ہے۔شٹ ڈاؤن اور ترقیاتی کاموںکے لئے 4سے 6گھنٹے بجلی کی بندش کے بعد معمول کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی جاتی ہے جس سے ان فیڈرز پر بجلی کی بندش کا مجموعی دورانیہ 8سے14گھنٹے تک پہنچ جاتا ہے۔سکندرآباد میں بجلی اورگیس کی غیر اعلاینہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے شجاع آباد ملتان روڑ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا،بعدازاں انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طوپر منتشر ہوگئے۔ بدھلہ سنت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ سیوریج سکیم کی وجہ سے تمام سڑکیں اکھاڑدی گئی ہیں ہیں جسکی وجہ سےلوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،سٹرکوں کی خستہ حالی پر تاجروں اور شہریوں نے ریلی نکالی اور احتجاج کیا، انجمن تاجران بدھلہ سنت کے صدر چوہدری الیاس ارائیں،ملک داودو دیگر نے حکام سے نوٹسلے کر بجلی کی صورتحال بہتربنانے اور سیوریج منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کا مطالبہ کیا ہے۔ڈیرہ بکھا، لال سوہانرا ، عباس نگر ، چک 7بی سی ، چک 31بی سی ،چک 32بی سی اور نواحی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی تباہ ہو کر رہ گیا ہے، علاقہ کے رہائشیوں ملک زاہد ودیگر نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔