• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردم شماری کیلئے ضلع راولپنڈی 12حصوں میں تقسیم‘ 3دن خانہ شماری ہوگی

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں مردم شماری کا آغاز ہو گیا‘ پہلے فیز میں منگل کو گھروں سمیت تمام عمارتوں کو نمبر لگانے کا کام شروع کیا گیا۔ تین دن خانہ شماری کے بعد باقاعدہ مردم شماری کی جائیگی۔ منگل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نازیہ پروین سدھن، اسسٹنٹ کمشنر صدر تسنیم علی خان نے ڈپٹی کمشنر ہائوس راولپنڈی پر نمبر لگا کر ضلع راولپنڈی میں چھٹی خانہ و مردم شماری کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں ضلع راولپنڈی کو بارہ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں راولپنڈی، راولپنڈی کینٹ، مری، مری کینٹ، ٹیکسلا، ٹیکسلا کینٹ، گوجر خان، کلر سیداں، کہوٹہ، واہ کینٹ اور کوٹلی ستیاں شامل ہیں جن میں 4ہزار 509 بلاکس، 553سرکلز بنائیں گے۔ ضلع راولپنڈی میں خانہ و مردم شماری کے دوران23 شمار کنندگان اپنی ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی نازیہ پروین سدھن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25تا 27اپریل تک خانہ شماری مکمل کر کے 28اپریل تا 9مئی مردم شماری کی جائیگی۔ 9مئی کو عملہ تمام سامان متعلقہ حکام کو واپس کر کے 10مئی کو نیا سامان حاصل کریگا۔ مرحلہ وار خانہ و مردم شماری ضلع راولپنڈی میں 25مئی تک مکمل ہو گی۔ اس دوران اہلکار گھر گھر جا کر اہل خانہ کی تعدادو کوائف جمع کرینگے۔ اُنکی سکیورٹی کیلئے پولیس اور پاک فوج کے جوان فرائض سرانجام دینگے۔ اُنہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ مردم و خانہ شماری کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے عملہ سے بھرپور تعاون کریں نیز شہری اپنے گردو پیش بھی بھی پوری طرح الرٹ رہیں تاکہ مردم شماری کی آڑ میں شرپسند عناصر کسی قسم کی کارروائی کا احتمال نہ ہوسکے۔
تازہ ترین