اسلام آباد(اے پی پی)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمان اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ٹریڈ ڈویلپمنٹ(یو این سی ٹی اے ڈی) ای۔کامرس ویک سے متعلق کانفرنس میں شرکت کی غرض سے منگل کو جینوا پہنچ گئیں۔کانفرنس 28اپریل تک جاری رہے گی۔”سائبر سیکورٹی و سائبر کرائم “سے متعلق سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ پاکستان انٹر نیٹ تک آزادانہ رسائی اور معلو ما ت کے شفاف بہاؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور سائبر اسپیس کے محفوظ استعمال کے زریعے سماجی و اقتصادی ترقی کے مقصد کے حصول کیلئے اس پالیسی کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو محفوظ سائبر ایکو سسٹم قائم اورآئی سی ٹی سسٹم میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے مناسب سائبر گورننس پالیسیاں مرتب کرنیکی ضرورت ہے۔”جامع ترقی اورای۔کامرس‘‘سے متعلق سیشن کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ملک کو’ڈیجیٹل پاکستان‘ میں تبدیل کرنا حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔یو این سی ٹی اے ڈی کے سیکرٹری جنرل نے وزیر مملکت کو وزارتی سطح کے اجلاس،اعلی سطح پر تقریبات اور سیشن کی اہم مقرر کی حیثیت سے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ای ۔کامرس ویک حکو متو ں،عالمی تنظیموں،نجی سیکٹر اور سول سوسائٹی کیلئے اہم ایونٹ ہے۔