• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف وزیراعظم کے عہدے پر رہنے کا جواز کھو چکےہیں،اسد قیصر

لندن (سعید نیازی) سپیکر پختون خوا اسمبلی اسد قیصر خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں دو ججوں کا وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف رائے دینا تحریک انصاف کی جیت ہے اور اب وزیر اعظم اپنے عہدے پر رہنے کا جواز کھوچکے ہیں۔ وہ پاکستان تحریک انصاف یورپ کے سربراہ صاحبزادہ جہانگیر کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ استقبالیہ میں پی ٹی آئی لندن کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی کارکنان نے شرکت کی، جبکہ دیگر جماعتوں کے رہنما اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد بھی موجود تھے۔ اسد قیصر خان نے کہا کہ مشال خان کو وہ ذاتی طور پر جانتے تھے اور یہالزام درست نہیں کہ ہم نے اس کیس کو نظر انداز کیا ہے، میں خود عمران خان کو لےکرگیا اور ہم اس کیس کو ایک ایسی مثال بنائیں گے کہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی ہمت بھی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کی حقیقت سامنے آنے کے بعد آئندہ انتخابات میں لوگ مسلم لیگ کو ووٹ نہیں دینگے اور یقینی طورپر تحریک انصاف حکومت بنائے گی، انہوں نے اپنے صوبے میں ترقیاتی کاموں کی تفصیل بھی بیان کی، انہوں نے کہا کہ وہاں پولیس کو مکمل طورپر آزاد کردیا گیا ہےاور وہ کسی سیاسی دبائو کے بغیر کام کررہی ہے، صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، سکولوں میں بنیادی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں اور 90فیصد سیکنڈری سکول اب پرائیویٹ سکولوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں، نصاب میں تبدیلی کرکے ناظرہ قرآن کو بھی شامل کرلیا گیا ہے50 ہزار نئے اساتذہ کا تقرر کیا گیا ہے 5 ہزار ڈاکٹر بھی بھرتی کئے گئے ہیں اور دور دراز کے علاقوں میں جانے والے ڈاکٹروں کو دوگنا سے بھی زیادہ تنخواہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ افغانستان کے قریب ہے جس کے سبب ہم حالت جنگ میں زندگی بسر کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود ترقیاتی کام بھی جاری ہیں، صوبے میں شفاف احتساب کو یقینی بنایا گیا ہے اور بدعنوانی میں ملوث اڑھائی سو کے قریب پولیس والوں کو نوکری سے فارغ بھی کیا گیا ہے۔ صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی یہ خوبی ہے کہ اس میں محنت کرنے والوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے، اسد قیصر بھی ایک مڈل کلاس گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنی محنت اور لگن کے سبب آج سپیکر ہیں انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن کا سرمایہ ہیں جو 21بلین ڈالر کا زرمبادلہ ہر سال اپنے وطن بھیجتے ہیں لیکن انہیں پاکستان جانے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اور انہیں ووٹ کا حق تک حاصل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اب اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں، پارٹی رہنما امیر مسرت نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کی کارکردگی کے سبب آئندہ الیکشن کے بعد پورے پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ عبدالباسط شاہ نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانے کے ایجنڈے پر ہم سب متفق ہیں، امجد خان نے کہا کہ پاکستان بنانا ہے توعمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ شہزادہ حیات ، مشتاق لاشاری، رومی ملک ، اسلم بھٹہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا ۔
تازہ ترین