گوجرانوالہ( نمائندہ جنگ)نادرا دفتر میں ایجنٹوں کی بھرمار اور عملہ کے ناروا رویہ کے خلاف سائلین نے احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ،نادرا دفتر کے عملہ کے رویہ کے خلاف سینکڑوں سائلان سراپا احتجاج بن گئے، سائلان نے بتایا کہ دفتر کے عملہ کا ایجنٹوں کے ساتھ رابطہ ہے، سائلین شناختی کارڈ کے حصول کیلئے صبح سویرے دفتر آجاتے ہیں گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں مگر ان کی باری ہی نہیں آتی اگر باری آجائے تو معمولی معمولی اعتراض لگاکر واپس بھیج دیا جاتا ہے، سائلین نے بتایا کہ عملہ کے رویہ کی شکایت انچارج طارق مجید سے کی جائے تو وہ بھی توہین آمیز رویہ اختیار کرتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں نے احتجاج کیا ہے، سائلان نے کہا اگر عملہ اور انچارج نے رویہ نہ بدلا اور ایجنٹ مافیا کی حوصلہ شکنی نہ کی گئی تو وہ بلدیاتی نمائندون کے ساتھ مل کر دفتر کے باہر احتجاج دھرنا دیں گے، نادرا دفتر کے ذرائع کے مطابق ایجنٹ مافیا کا قلع قمع کردیا گیا ہے۔