• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر اور گردونواح میںگٹر بند ہونے سےمعمولات زندگی متاثر، سیوریج کےپانی سے لوگوں کو مشکلات

سکھر (بیورو رپورٹ)  شہر سمیت گردونواح میں اچانک نالیاں، گٹر بند ہوجانے کے باعث سیوریج کا پانی کاروباری مراکز اورمختلف شاہراہوں اور دیگر علاقوں میں پھیل گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نشتر روڈ، گھنٹہ گھر چوک، لیاقت چوک، غریب آباد، نواں گوٹھ، پرانا سکھر، نمائش روڈ، نیوپنڈ سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کے پانی کے باعث معمولات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ شہرکی گنجان آبادی والے علاقے نشتر روڈ پر ہول سیل مارکیٹ میں جہاں بالائی سندھ سمیت پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لوگ خریداری کے لئے آتے ہیں سیوریج کے پانی کی موجودگی کے باعث خریداروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ گولیمار انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے صدر اور نشتر روڈ کے معروف تاجر ملک محمدجاوید نے محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی ، انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث کاروباری مراکز میں تاجر برادری پریشان ہے خاص طور پر نشتر روڈ کے تاجروں کو دہری مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ایک جانب سیوریج کا پانی آئے روز سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے تو دوسری جانب جو نشتر روڈ پر سڑک بنائی گئی ہے وہ انتہائی ناقص مٹیریل سے تیار کی گئی ہے اور سڑک تاحال مکمل بھی نہیں کی گئی، ادھورا کام چھوڑے جانے کے باعث لوگ حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مرتبہ تاجروں نے احتجاج بھی کئے اور حکام بالا کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب کرانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن اراکین اسمبلی، بلدیاتی نمائندے ، انتظامیہ اور محکمہ نساسک کوئی بھی اس کا نوٹس نہیں لیتی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل عوام کو امیدیں وابستہ تھیں کہ بلدیاتی نظام بحال ہونے اور بلدیاتی نمائندوں کے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالے جانے کے بعد لوگوں کے مسائل میں کمی واقع ہوگی لیکن بلدیاتی نمائندے تاحال عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ، سینیٹر اسلام الدین شیخ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ اورمیئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سکھر میں صفائی ستھرائی کے نظام کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین