لندن(صباح نیوز) صدر آل پاکستان مسلم لیگ اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ شریف برادران کو فوج سے الجھنے کا شوق ہے، وہ مجھ سے بھی جہازاغوا کرا کے الجھے تھے جس کے نتیجے میں مجھے حکمرانی ملی۔ نیوز لیکس سے فوج کی بدنامی ہوئی، ڈی جی آئی ایس پی آرکے ٹویٹ سے حساب برابر ہوگیا، انھوں نے بالکل صحیح ٹویٹ کیا۔ لندن میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا حکمرانوں کی اپنی ہی افواج کیخلاف سازشیں ملک کیلئے بہت بڑا خطرہ ہیں اور نیوزلیکس میں بھی حکمران اپنے لوگوں کو بچارہے ہیں۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ حکمران ملک کیلئے بڑا خطرہ بن چکے، کسی بڑے حادثے سے بچنے کیلئے ان سے نجات لازمی ہے۔ میرے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا اورعوام خوش تھے، میں لشکر طیبہ کا سب سے بڑا حامی ہوں۔ ایم کیو ایم چار حصوں میں بٹی ہے، اسے لسانیت سے نکل کر قومی سیاست کرنی چاہیے۔