گجرات (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ کے مرکزی رہنما، ممبر صوبائی اسمبلی چودھری مونس الٰہی گزشتہ روز میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے دھرنے میں گئے اور اظہار یکجہتی کیا، عملہ فائر بریگیڈ،ماشکی اور سپرے ملازمین نے چودھری مونس الٰہی کو بتایا کہ ہمیں دسمبر سے اپریل تک تنخواہ نہیں ملی اور ہمارے گھروں میں فاقوں تک نوبت آگئی ہے، ہمارے بچے فیس نہ دینے کی وجہ سے سکولوں سے نکال دئیے گئے ہیں، ہمارے گھروں کے بجلی کے میٹر عدم ادائیگی کی وجہ سے کٹ چکے ، شدید گرمی میں ہم دھرنا دئیے بیٹھے ہیں مگر بے رحم میئر کو ہم پر رحم نہیں آرہا، دھرنے میں بیٹھے ملازمین نے بتایا کہ ہم نے ڈی سی، کمشنر، وزیراعلیٰ، وزیراعظم اور چیف جسٹس کودرخواستیں دیں مگر ہماری کہیں شنوائی نہیں ہوئی ، اس موقع پر حالات سے تنگ کچھ ملازمین دھاڑیں مار مار کر رونے لگے، جس پر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کا گھر تنخواہ پر چلتا ہے، تنخواہیں روک کر آپ پر ظلم کیا جا رہا ہے، گجرات کے لوگوں پر ظلم کرنا ن لیگ کی پالیسی ہے، انہوں نے کہا کہ میئر نے آپ کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کا پروگرام بنا لیا مگر آپ حوصلہ رکھیں آپ کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، اگر آپ عدالتوں میں جانا چاہیں تو بھی آپ کی مدد کریں گے، چوہدری مونس الٰہی کی آمد پر دھرنے کے شرکاء نے گو نواز گو، گومیئر گو، گوچیف آفیسر گو، میئرہمارا حق ایتھے رکھ کے نعرے لگائے گئے۔